بلوچستان کے عوام کسی بھی مصبیت کی گھڑی میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔وزیر اعلٰی بلوچستان
گوادر (گوادر سٹی نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے گوادر میں بارش سے ہونے والے نقصانات کے تعین کیلئے کمیٹی بنادی ہے ۔ کمیٹی 20 دن میں رپورٹ پیش کرے گی گوادر میں بارشوں سےمتاثرہ علاقوں کے دورے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیر تک گوادر شہر سے پانی کے نکاس کا کام مکمل ہوجائے گا ۔ عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں ۔ حکومت ہر قدم پر اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ہماری پہلی ترجیح ریسکیو اور پھر متاثرین کی بحالی ہے ۔ شہری آبادی سے پانی کو نکالنے اور معمولات زندگی کی بحالی کیلئے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کررہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی کی صدارت میں گوادر میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ اجلاس بھی ہوا ۔ کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی ڈپٹی کمشنر کیچ اورنگ زیب بادینی نے اجلاس کو بتایا حالیہ اسپیل میں 187 ملی میٹرز تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔ طوفانی بارش سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر فوری منتقل کیا گیا ۔ راشن اور دوسری بنیادی ضروری چیزوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کاروائیوں کو سراہا اور بارش متاثر ایک ایک شخص کی امداد اور روز مرہ زندگی کی بحالی تک ہنگامی بنیادوں پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ گوادر سے منتخب رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان و دیگر اراکین میر ظہور احمد بلیدی، عبیداللہ گورگیج، علی مدد جتک کے ہمراہ متاثرین سے ملے بھی اور امدادی سامان بھی تقسیم کیا ۔