گوادر کی تاریخ میں پہلا سی ٹی اسکین کامیابی کے ساتھ مکمل۔ مزید جانئیے
گوادر(اسٹاف رپورٹر ) جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال زیرانتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک میں گوادر کی تاریخ کا پہلا سی ٹی اسکین کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ جو علاقے کی صحت کی سہولیات میں ایک انقلابی قدم ہے۔
یہ جدید سہولت گوادر کے عوام کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے پہلے مریضوں کو سی ٹی اسکین کے لیے بڑے بڑے شہروں کا رُخ کرنا پڑتا تھا۔ اب پہلی مرتبہ یہ جدید ٹیکنالوجی ان کے اپنے شہر میں دستیاب ہوگی، جو بیماریوں کی درست اور فوری تشخیص کے ساتھ ساتھ علاج کے عمل کو بھی زیادہ مؤثر اور تیز تر بنا دے گی۔
گوادر میں سی ٹی اسکین کی یہ سہولت نہ صرف علاقے کے طبی نظام میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی بلکہ عوام کے لیے صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی کو بھی یقینی بنائے گی۔ یہ اقدام گوادر کے شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے اور صحت کے شعبے میں ترقی کا نیا باب رقم کرے گا۔
اس موقع پر ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عفان فائق زادہ اور عملے نے اس کامیاب سی ٹی اسکین کو ایک اہم پیشرفت قرار دیا اور کہا کہ یہ سہولت علاقے کے لوگوں کے لیے ایک بہت بڑی نعمت ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس کامیابی کو ممکن بنانے والے تمام ماہرین، ٹیکنیشنز، اور ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں مزید جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔