گوادر ( اسٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی خصوصی ہدایت اور بھرپور تعاون سے گوادر شہر میں مونسپل کمیٹی نے محکمہ صحت کے اشتراک سے مچھر مار اسپرے مہم کا آغاز کردیا۔ اس اہم مہم کا افتتاح میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین ماجد جوہر نے کیا، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ اور چیف افسر مونسپل کمیٹی مکتوم موسی نے اس مہم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ مچھر مار اسپرے مہم ڈینگی اور دیگر مچھروں سے پھیلنے والی خطرناک بیماریوں کی روک تھام کے لیے شروع کی گئی ہے، تاکہ شہریوں کو ان موذی امراض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ مہم کے دوران نگرانی کی ذمہ داری وائس چیئرمین ماجد جوہر اور ڈاکٹر فاروق بلوچ نے نبھائی، جبکہ اسپرے ٹیم کی قیادت ثنا اللہ عثمان نے کی۔ ٹیم نے ملابند کے علاقے سے مہم کا آغاز کیا، اور مرحلہ وار پورے شہر میں مچھر مار اسپرے کیا جائے گا۔
اس مہم کا مقصد شہر میں صحت مند ماحول کی فراہمی اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکنا ہے۔ اس دوران عوام میں آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ شہر کی مجموعی صحت بہتر ہو سکے اور ڈینگی جیسے امراض کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔
چیف افسر مکتوم موسی نے اس موقع پر مزید بتایا کہ اس ہفتہ وار مہم کے دوران میونسپل کمیٹی کے تمام وارڈز کو کور کیا جائے گا۔ حالانکہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد کم ہے، لیکن اس مہم کا مقصد ایک فعال حکمت عملی کے تحت اس مسئلے کو ابتدا میں ہی قابو میں رکھنا ہے۔ انہوں نے اس مہم کے لیے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام گوادر کے عوام کی صحت کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔