گوادر پورٹ اتھارٹی کے واٹر فلٹر پلانٹ کا پانی غیر معیاری ، بدبو اور گندگی سے عوام پریشان
گوادر ( گوادر سٹی نیوز ) گوادر پورٹ اتھارٹی کے زیرِ انتظام واٹر فلٹر پلانٹ سے فراہم کیا جانے والا پانی بدبو دار اور گٹر جیسا بتایا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق پانی میں شدید بدبو ہے جو کہ انسانی استعمال کے قابل نہیں، اور اس کے استعمال سے افراد معدے اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہوسکتے ہیں.
شہریوں کا کہنا ہے کہ صاف پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم دستیابی سے گوادر میں پہلے سے موجود مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال ایک صحت عامہ کے بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فلٹر پلانٹ کی فوری صفائی، معائنہ اور پانی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کی صحت محفوظ رہ سکے۔