گوادر (اسٹاف رپورٹر ) انٹرڈسٹرکٹ گرلز اسپورٹس ایونٹ 2025 میں جامعہ تربت کی طالبات کی شاندار کارکردگی،متعدد ٹائٹلز اپنے نام کر لیے
تربت،جامعہ تربت کی طالبات نے حکومت بلوچستان کے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر ڈسٹرکٹ گرلز کالج اسپورٹس ایونٹ 2025میں مختلف مقابلوں میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے متعددٹائیٹلزاپنے نام کرلئے۔
ان ایونٹ میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامعہ تربت فٹ بال،روایتی لڈو گیم اورمیوزیکل چیئرز میں چیمپئن قرارپائی، جبکہ کرکٹ اور بیڈمنٹن میں رنر اپ پوزیشن حاصل کیا۔ جیتنے والی ٹیموں نے اپنی ٹرافیاں خیرسگالی کے طورپر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور انچارج اسپورٹس مظہر گچکی کو پیش کیں ۔
پروفیسرڈاکٹر گل حسن نے اس ایونٹ میں جامعہ تربت کی طالبات کی شاندار کامیابیوں کومثالی قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف جامعہ تربت کی طالبات کی محنت اور لگن کا مظہر ہیں بلکہ اس سے یہ بات بھی عیاں ہوتی ہے کہ جامعہ تربت طلبہ و طالبات کو نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں سمیت زندگی کے ہر شعبۂ میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کررہی ہے۔ ان کا کہناتھاکہ جامعہ تربت نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں کوپروان چڑھانے,کتب بینی کے کلچراورمثبت سرگرمیوں کوفروغ دینے پریقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں طالب علموں کو ہرممکن سہولیات فراہم کررہی ہے جس کی وجہ سے جامعہ تربت کے فار التحصیل طلبہ وطالبات پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحانات اوردیگراداروں مین نمایاں کامیابی حاصل کررہے ہیں۔وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلباء نے انٹر ڈسٹرکٹ گرلز کالج اسپورٹس ایونٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرکھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔