گوادر (این این آئی) ٹرالرز مافیا کی جانب سے اورماڑہ کے غریب مچھیرے کے جال کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ادارے ٹرالر مافیا کے سامنے بے بس ہیں اور بھتہ خوری میں ملوث ہیں، ماہیگیروں کو سخت احتجاج پر مجبور کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹرالرز مافیا کی جانب سے اورماڑہ کے غریب مچھیرے کے جمع پونجی سے خریدے گئے جال وغیرہ کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گوادر میں ٹرالرز کی دوبارہ یلغار کردی گئی ہے، ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں. جبکہ فشریز کے اہلکار بھتہ خوری میں ملوث ہیں، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ ٹرالرز کو چھوٹ دے کر مقامی ماہیگیروں کو نان و شبینہ سے محتاج کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور اداروں کی خاموشی ماہیگیروں کو احتجاج پر مجبور کررہی ہے ۔مولانا نے واضح طور پر کہا کہ ٹرالرز کے خلاف آخری دم تک احتجاج کریں گے اور ان کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔