گوادر (گوادر سٹی نیوز ڈیسک)گوادر شہر کے مین انٹرنس ڈھور چوک پر اسٹار مارکیٹنگ کی جانب سے بنائے گئے مونومنٹ کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خاص ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ جی ڈی اے شاہد علی نے فتہ کاٹ کر مونومنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں گوادر میونسپل کمیٹی کے وائیس چیئرمین ماجد جوہر، اسٹار مارکیٹنگ کے محمود احمد خان، سمیت کاروباری شخصیات اور معتبرین نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی بلوچ اور چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے گوادر کی ترقی میں پرائیویٹ سیکٹر کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دیگر نجی کمپنیاں بھی اسٹار مارکیٹنگ کی تقلید کرتے ہوئے گوادر شہر کی ترقی میں آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔ جی ڈی اے گوادر کی تعمیر و ترقی میں ملک بھر سے پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کو اپنا حصہ ڈالنے کی دعوت دیتی ہے کہ آئیں پاکستان کے معاشی مسقبل گوادر کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی کیلئے نجی شعبے کی شمولیت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ جس کے تحت شہر کے مختلف چوراہوں اور مونومنٹ کی تعمیر و تزئین کا زمہ نجی شعبے کی تعاون سے سرانجام دی جارہی ہیں۔ پرائیویٹ کمپنی کی جانب سے شہر کی مرکزی اور داخلی شاہراہِ سید ظہور شاہ ہاشمی روڈ ڈھور چوک کے مقام پر تعمیر کردہ شاندار مونومنٹ قابل دید ہے۔