ٹوباغ وارڈ میں ٹرانسفارمر کی خرابی پر شہری سراپا احتجاج، سڑک بلاک
گوادر (گوادر سٹی نیوز ویب ڈیسک ) ٹوباغ وارڈ کے مکینوں نے علاقے میں بجلی کی بندش کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مرکزی سڑک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین دنوں سے علاقے کا ٹرانسفارمر خراب ہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
علاقہ مکینوں نے گوادر سٹی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد بار بلدیہ چیئرمین اور منتخب کونسلروں سے رابطہ کیا گیا مگر تاحال نہ کوئی جواب ملا اور نہ ہی ٹرانسفارمر کی مرمت کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں بجلی کی بندش نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹرانسفارمر کی مرمت کر کے بجلی بحال کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔