پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے مینگرووز ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے عالمی دن پر عملی اقدامات
گوادر (گوادر سٹی نیوز ڈیجیٹل ) دنیا بھر میں آج مینگرووز ماحولیاتی نظام کے تحفظ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اس نایاب اور اہم ماحولیاتی نظام کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور اس کے تحفظ کو فروغ دینا ہے۔ یہ دن 2015 میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی جانب سے مینگرووز کی ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جانا شروع ہوا۔
مینگرووز وہ قدرتی ماحولیاتی نظام ہیں جو ساحلی علاقوں میں طوفانوں اور سونامیوں سے بچاؤ، زمین کے کٹاؤ کو روکنے، سمندری حیات کو پناہ دینے اور ماحول سے کاربن جذب کرکے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان کوسٹ گارڈز، جو ساحلی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کی ذمہ داری بھی نبھا رہی ہے، مینگرووز کے تحفظ اور ان کی افزائش کے لیے قابل تحسین اقدامات کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز، میجر جنرل جواد ریاض کی خصوصی ہدایات پر رواں سال گوادر کے ساحلی علاقے جیوانی میں مقامی آبادی اور اسکولوں کے بچوں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر مینگرووز کی شجرکاری کی گئی۔
پاکستان کوسٹ گارڈز اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ آئندہ بھی مینگرووز سمیت دیگر ماحولیاتی اثاثوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
شریف ابراہیم گوادر