پسنی ( گوادر سٹی نیوز )پسنی پولیس نے کمسن طالبعلم ساحل گلاب کے اندوہناک قتل کیس میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی گوادر ضیاء مندوخیل نے پولیس تھانہ پسنی میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ایس ایس پی گوادر نے بتایا کہ ساحل گلاب مورخہ 4 اپریل 2025 کو اپنے گھر کے قریب سے لاپتہ ہوا تھا، جبکہ 6 اپریل 2025 کو اس کی لاش پسنی مین روڈ کے کنارے سے برآمد ہوئی تھی۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس کی اعلیٰ قیادت کی نگرانی میں دو خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے شب و روز کی محنت کے بعد کیس میں پیش رفت ممکن بنائی۔
ضیاء مندوخیل کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنیکل بنیادوں پر ٹریس کیا گیا اور گرفتاری میں پولیس کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے کلیدی کردار ادا کیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے تفصیل سے بتایا کہ ساحل کو کیسے اغوا کیا گیا، قتل کیا گیا، اور لاش کو سڑک کنارے پھینک دیا گیا۔
پولیس تفتیش کے دوران 260 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 400 گھروں پر چھاپے مارے گئے۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزمان عمران عرف کشل ولد مراد حاصل اور سراج ولد اسلم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انکشاف ہوا ہے کہ قتل میں استعمال کی جانے والی گاڑی بھی فروخت کر دی گئی تھی۔