اورماڑہ( گوادر سٹی نیوز )سمندری طوفان کے اثرات نمودار ، اورماڑہ میں تیز طوفانی ہواؤں کے باعث بازار میں ہوٹل کی چھت گر گئی، ہوٹل مالک سمیت دو افراد زخمی، تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان اسنٰی کے زیر اثر بلوچستان کے ساحلی شہر اورماڑہ میں صبح سے شدید طوفانی ہوائیں اور وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تیز طوفانی ہواؤں کے باعث اورماڑہ بازار میں واقع نیو کوئٹہ مدینہ ہوٹل کی چھت گر گئی جس کی زد میں آ کر ہوٹل میں موجود ہوٹل مالک سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعے کے بعد انجمن تاجران اورماڑہ کے صدر فہیم ناصر اور نائب صدر نسیم سلیم بھی متاثرہ ہوٹل میں معائنہ کرنے پہنچ گئے ہیں۔
جبکہ ہوٹل مالک سمیت زخمی ہونے والے دونوں افراد کو پاک بحریہ کے ہسپتال درمان جاہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے محکمہ موسمیات نے یکم ستمبر تک بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں شدید طوفانی ہوائیں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔