ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی زیر صدارت پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ضلعی سطح پر ایک اہم اجلاس منعقد

گوادر (گوادر سٹی نیوز) ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی زیر صدارت پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ضلعی سطح پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوادر، ڈی ایس ایم، پی پی ایچ آئی، یونیسیف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تمام ضلعی اور تحصیل افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولیو مہم میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ اگر کسی محکمے کے افسر نے اس اہم قومی مہم میں حصہ نہ لیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کے حوالے سے ٹریننگ میں شامل افسران سے فیڈ بیک لیا اور سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ٹرانزٹ پوائنٹس پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کے منصوبے پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس کے علاوہ، مہم کے دوران خواتین کی شمولیت اور ان کے کردار پر خصوصی گفتگو ہوئی، تاکہ مہم کو مزید کامیاب بنایا جا سکے۔ اجلاس میں پولیو مہم کے دوران سامنے آنے والے ریفیوزل کیسز پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی اور ان کے حل کے لیے نئی منصوبہ بندی کی گئی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد جو پاکستان اور بلوچستان میں پولیو وائرس سے متاثرہ ہیں اور گوادر میں مقیم ہیں، ان پر خاص توجہ دی جائے گی اور انہیں مہم کے دوران خصوصی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment