عید الاضحی کے تیسرے دن دشت میں فلاحی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ احساس ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے مفت چیک اپ اور ادویات فراہم کیا گیا۔
گوادر ( گوادر سٹی نیوز ) عید الاضحی کے تیسرے دن احساس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام میڈیکل ٹیکنیشن باسک نصیر احمد نگوری نے دشت کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں غریب مزدور طبقے کے بیمار افراد کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور ضرورت مند مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
یہ فلاحی سرگرمی علاقے کے پسماندہ اور صحت کی سہولیات سے محروم افراد کے لیے ایک بڑی نعمت ثابت ہوئی۔ مقامی لوگوں نے میڈیکل ٹیکنیشن نصیر احمد نگوری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ اور انھوں نے کہا کہ عید کے خوشیوں بھرے دن میں بھی اپنے آرام کو قربان کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی۔
علاقے کے بزرگوں، مزدوروں اور مریضوں نے کہا کہ ایسے خدمت خلق کے کاموں کی اشد ضرورت ہے جو نہ صرف طبی ریلیف فراہم کرتے ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور اخوت کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ اس نیک عمل پر علاقہ مکینوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نصیر احمد نگوری اور احساس ویلفیئر آرگنائزیشن کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ان کے اس خدمتِ خلق کے جذبے کو مزید قوت بخشے ۔