گوادر (گوادر سٹی نیوز ) بلوچستان گرینڈ الائنس کی اپیل پر تنخواہوں اور مراعات میں وفاقی طرز پر اضافے سے متعلق دفاتر کی تالا بندی کا سلسلہ بدستور جاری ۔
سرکاری امور کی انجام دہی نہ ہوسکی 28 جون کو صوبے بھر کی شاہرائیں بلاک کرنے اور دھرنے کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان گرینڈ الائنس کی مرکزی کال پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں وفاقی طرز پر اضافے ، سرکاری ملازمین کی پر امن ریلی کو سبوتاژ کرنے ، لاٹھی چارج ، آنسو گیس کے شیل فائر کرنے ، قائدین و کارکنان کو گرفتار کرنے کے خلاف بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح گوادر میں بھی سرکاری دفاتر کی تالا بندی جاری رہی جس کے باعث دفتری امور کی انجام دہی نہیں ہوسکی ۔
جبکہ وکلاء برادری نے بلوچستان گرینڈ الائنس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے گوادر اور مکران بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ بھی کر لیا تھا واضح رہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کی مرکزی کمیٹی نے صوبائی حکومت کی ملازم دشمن پالیسیوں ، سرکاری ملازمین پر بے جا طاقت کا استعمال کرنے ، مذاکراتی کمیٹی سے اپنے وعدوں کا لحاظ نہ رکھنے اور وفاقی طرز پر ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات میں اضافے نہ کرنے کے خلاف 28 جون کو بلوچستان بھر کی شاہراؤں کو بندکرنے اور احتجاجی دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔