صحت کے شعبے میں شہریوں کو مسلسل ریلیف اور بہتر خدمات فراہم کریں گے۔ حمود الرحمٰن ڈپٹی کمشنر گوادر

گوادر ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی قیادت میں صحت کے شعبے میں شہریوں کو مسلسل ریلیف اور بہتر خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی ہدایات پر شہریوں کو صحت کی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

فری ایمبولنس سروس کے انچارج جمال رحیم کے مطابق، ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر گبد رمدان بارڈر پر ایک ایمبولنس تعینات کی گئی ہے تاکہ زائرین کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد اور فرسٹ ایڈ فراہم کی جا سکے۔ یہ اقدام بارڈر پر سفر کرنے والے افراد کو بروقت طبی سہولت فراہم کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، غریب اور نادار مریضوں کو بڑے شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے فری ایمبولنس سروس بھی فعال ہے۔ گزشتہ روز ایک مریضہ کو گوادر سے کراچی علاج کے لیے فری ایمبولنس کے ذریعے منتقل کیا گیا، جو اس سروس کی شفافیت اور عوامی فلاح و بہبود کے جذبے کی بہترین مثال ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی کوششیں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ ضلع گوادر میں صحت کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے اور عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ عوام کو بغیر کسی رکاوٹ کے اعلیٰ معیار کی صحت کی خدمات مل سکیں۔

Comments (0)
Add Comment