گوادر ( اسٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر تحصیلدار گوادر چنگیز بلوچ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سیکنڈری اسکول پیشکان، گورنمنٹ بوائز ہائی سیکنڈری اسکول، اور گورنمنٹ بی ایچ یو اسپتال پیشکان کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے ان اداروں کی مجموعی حالت کا بغور جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے زیر تعمیر ترقیاتی اسکیم انٹر کالج پیشکان کا بھی دورہ کیا اور بند پڑی سہولیات کو فعال کرنے کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
طلبہ و طالبات نے اپنے تعلیمی مسائل براہ راست تحصیلدار کے سامنے رکھے، جن میں سہولیات کی کمی اور اسکول کے دیگر مسائل شامل تھے۔ اساتذہ کی حاضری کا معائنہ بھی خصوصی توجہ کے ساتھ کیا گیا، جبکہ اسکول کے انفراسٹرکچر اور تعلیمی ماحول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تحصیلدار نے طلبہ و طالبات کی شکایات کو غور سے سنا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
علاوہ ازیں، تحصیلدار نے گورنمنٹ بی ایچ یو اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اسپتال کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اسکولوں کے اساتذہ، طلبہ اور ڈاکٹرز نے تحصیلدار گوادر چنگیز بلوچ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی دوروں سے تعلیمی اور طبی مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔یہ دورہ علاقائی مسائل کے حل اور بہتر خدمات کی فراہمی کے عزم کا مظہر تھا.