دی اوسیس اسکول گوادر کے طلبہ و طالبات کا جی ڈی اے کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، کرکٹ اور فٹبال اسٹیڈیم کا دورہ

گوادر (گوادر سٹی نیوز ڈیسک )دی اوسیس اسکول گوادر کے طلبہ و طالبات نے آج گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے جدید سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ STP کا دورہ کیا، جہاں انہیں اس اہم منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر میونسپل ونگ، یحییٰ واڈیلہ اور میونسپل افسر جاوید سمین نے طلبہ و طالبات کو ایس ٹی پی کے کام کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً 24 کلومیٹر طویل سیوریج لائن کے ذریعے شہر کا گندا پانی شہر کے مختلف علاقوں میں نصب ویٹ ویلز میں جمع کرکے ایس ٹی پی پلانٹ تک پمپ کیا جاتا ہے۔ یہاں روزانہ چار لاکھ گیلن پانی کو جدید سسٹمز کے ذریعے ٹریٹ کر کے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جاتا ہے، جو بعد میں زرعی مقاصد، باغبانی، پارکس، گراؤنڈز اور شہر کے مختلف سبزہ زاروں میں فراہم کیا جاتا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، تاکہ سیوریج کا آلودہ پانی سمندر میں گرنے سے روکا جا سکے، جو پہلے ساحلی ماحولیاتی نظام کو بری طرح متاثر کر رہا تھا۔ اس ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بدولت شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے اور سبزہ زاروں کی بہتری کے ساتھ ماحولیاتی توازن کو بھی برقرار رکھا جا رہا ہے۔

طلبہ و طالبات نے اس تعلیمی دورے کو نہایت معلوماتی قرار دیا اور جی ڈی اے کے اس ماحولیاتی دوست منصوبے کو سراہا۔ دورے کے دوران طلبہ و طالبات اور ان کے اساتذہ نے سینیٹر اسحاق کرکٹ گراؤنڈ اور بابائے بزنجو فٹبال اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا، جہاں رمضان المبارک کے دوران مختلف کھیلوں کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے جی ڈی اے کے ان شاندار ترقیاتی منصوبوں کو دیکھ کر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دورہ ان کے سیکھنے کے عمل میں نہایت مددگار ثابت ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment