سہ ملکی ون ڈے سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت کل سے شروع ہو گی،شائقین کی سہولت کیلئےٹکٹ 350 روپے کی کم ترین قیمت پر بھی دستیاب ہیں۔
ٹکٹ کراچی اور لاہور میں 8 نجی کوریئر کمپنی کے مراکز پر شام 4 بجے سے دستیاب ہونگے،ایک شناختی کارڈ پر سہ فریقی سیریز کے لیے 10 ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں۔واضح رہے سہ ملکی سیریز8 سے14 فروری تک لاہور اور کراچی میں کھیلی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزارت داخلہ نے سہ ملکی کرکٹ سیریز کیلئے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی،5 سے 10 فروری میچز کے دوران آرمی اور رینجرز پنجاب کی ایک، ایک کمپنی تعینات ہوگی، پولیس کی درخواست پر محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھا تھا۔
تین ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے، آٹھ اور دس فروری کے میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پیر اور منگل کی شب نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ جائے گی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں چھ فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس میں پریکٹس کریں گی جبکہ ساؤتھ افریقن ٹیم سات فروری کو پاکستان پہنچ جائے گی، تین ملکی کرکٹ سیریز کا آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔