گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شفقت انور شاہوانی کی ہدایت پر شہر کو صاف اور سرسبز بنانے کے مہم کا آغاز کیا گیا ہے
گوادر (اسٹاف رپورٹر)گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شفقت انور شاہوانی کی ہدایت پر شہر کو صاف اور سرسبز بنانے کے مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت شہر کے مختلف اہم مقامات میرین ڈرائیو، ایئرپورٹ روڈ، جناح ایونیو، کمرشل ایسٹ اور پشکان ایونیو سمیت دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر نئے درخت لگانے کا عمل شروع کیا ہے۔جی ڈی اے کے شعبہ باغبانی کے تحت نہ صرف اہم شاہراہوں پر بلکہ شہر کے پارکوں اور کھیل کے میدانوں میں بھی درخت اور سرسبز گھاس کے قطعات تیار کیے گئے ہیں۔
ان سبز علاقوں کی روزانہ دیکھ بھال کی جا رہی ہے تاکہ شہر کی آب و ہوا کو بہتر بنانے اور قدرتی حسن کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو سکیں۔شہر میں نئے لگائے جانے والے درختوں اور سبز علاقوں سے گوادر کی مجموعی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف شہر کی فضاء کو خوشگوار بنانا ہے بلکہ ایک پائیدار اور ماحول دوست شہری ماحول کی تشکیل بھی ہے۔
تاہم شہر میں موجود سبزازار اور درختوں کو آوارہ اور چھوڑے گئے جانوروں سے خطرات لاحق ہیں جو ان نئے لگائے گئے درختوں اور سبزہ زاروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جانوروں کو گھروں تک محدود رکھیں تاکہ شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کی یہ کوشش کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔