گوادر شہر کی جدید طرز پر تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ ثقافتی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہر کی تاریخی پس منظر اور اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے قدیم ثقافتی ورثہ کی تحفظ نہایت ضروری ہے۔ شفقت انور شاہوانی
گوادر( گوادر سٹی نیوز) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شفقت انور شاہوانی نے گزشتہ روز جی ڈی اے اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت شہر کے قدیم ثقافتی ورثہ کی تحفظ و بحالی کے منصوبہ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے گوادر تار آفس، چارپادگو، عمانی فورٹ، پرتگیزی واچ ٹاور پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد اور ایگزیکٹو انجینئر قاضی کاشف نے ڈائریکٹر جنرل کو منصوبہ سے متعلق بریفننگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی نے کہا کہ ثقافتی انفراسٹرکچر کی ترقی شہر کی تاریخی پس منظر کو محفوظ بنانے کیلئے نہایت ضروری ہے جس کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ آنے والی نسل شہر کی تاریخی پس منظر و اہمیت سے آشنا ہوں انہوں نے کہا کہ ان تاریخی مقامات کو بحال کرکے علم، فن، ادب سمیت آرٹ اکیڈمی، میوزیم ، لائبریری جیسے مثبت سرگرمیوں کیلئے استعمال میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت شہر کی جدید طرز پر تعمیر و ترقی کے عظیم منصوبہ پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شہر کی قدیم ثقافتی ورثہ کی تعمیر و تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔ ثقافتی ورثہ کی تعمیر و تحفظ سے سیاحت کے فروغ کے لیے ان مواقع سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تاریخی مقامات کی بحالی اور انہیں آسانی سے قابل رسائی بنانے سے ملک بھر کے سیاحوں کو راغب کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے متعلقہ شعبہ کو قدیم ثقافتی ورثہ کی تعمیر و تحفظ اور بحالی کے کام کی معیار اور پائیداری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ثقافتی ورثہ کی بنیادی ڈھانچے میں کسی قسم کی تبدیلی کئے بغیر کام مکمل کیا جائے تاکہ ثقافتی ورثہ کی تاریخی و بنیادی شناخت و اہمیت برقرار رہے۔