بلوچستان کی معدنیات سے فائدہ اٹھا کر آمدنی و روزگار کے ذرائع کو بڑھایا جاسکتا ہے،، نگراں وزیراعظم
کوئٹہ( این این آئی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی معدنیات سے بہتر طریقے سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان میں آمدنی و روزگار کے ذرائع بڑھانے کیلئے مو¿ثر حکمت عملی کے نفاذ اوروسائل کے مو¿ثر ترین استعمال اور کم سے کم ضیاع پر زور دیا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی کے لئے بجٹ اور اخراجات میں بہتر توازن قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں معدنیات کی کان کنی کی وسیع استعداد ہے جس کو ملکی معیشت کی ترقی کے لئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے، بلوچستان کی معدنیات سے اسی وقت بہتر طریقے سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے جب ان علاقوں میں بہترین مواصلاتی انفراسٹرکچر موجود ہو۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان نے نگران وزیراعظم کو مجوزہ و جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی ، نگران وزیر داخلہ، وزیر مواصلات، وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔