جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رکن اور ملا فاضل چوک کے متاثرین نے حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں ڈی جی جی ڈی اے سے ملاقات
گوادر (گوادر سٹی نیوز ڈیسک) جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رکن اور ملا فاضل چوک کے متاثرین شریف حنیف اور ابن بوا نے حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ اور حلقہ پی بی 24 سے نامزد امیدوار مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی قیادت میں ادارہ ترقیات گوادر(جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور متاثرین کے تحفظات اور ان کے دکانوں کو پیشگی اطلاع و نوٹس کے بغیر رات کی تاریکی میں بھاری مشینری کے ذریعے پلک جھپکتے ہی منہدم کرنے ، جن کی وجہ سے متاثرین اور انکے خاندان بیروزگاری، بھوک و افلاس سے دوچار ہوگئے ہیں۔ منہدم کردہ ان دکانوں میں لاکھوں روپے کی مالیت سامان بھی ملبے کا ڈھیر بنادیئے گئے تھے مگر سروے اور متاثرین کے نقصانات کی رپورٹ مرتب کرنے کے باوجود تاحال متاثرین کے نقصانات کا ازالہ نہیں کیا گیا جس پر وفد نے اپنی تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وفد نے اپنی ملاقات میں جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور ضلعی انتظامیہ کو زور دیکر کہا کہ متاثرین کے نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے وفد سے کہا کہ جی ڈی اے کی طرف سے متاثرین کے نقصانات کی ساری رقم ڈپٹی کمشنر گوادر کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جا چکی ہیں اب یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرین کے نقصانات کے معاوضوں کی ادائیگی کرئے۔