گرانفروشی کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر کی سخت کارروائی، دو دکاندار گرفتار
گوادر (اسٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی اور اینٹی انکروچمنٹ سیل نے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والے گرانفروشوں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے دو دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ بدھ کے روز صارفین کی جانب سے شکایت سیل میں نادر جنرل اسٹور اور معاذ پولٹری فارم کی گرانفروشی کے حوالے سے شکایات درج کرائی گئیں، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گوادر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی نے چھاپہ مارا اور دونوں دکانداروں کو گرفتار کر کے ان کے کاروبار بند کر دیے۔
اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری نے اس موقع پر واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولٹری فارمز اور دکانداروں کو متعدد بار انتباہ دیا جا چکا تھا، تاہم ان کی مسلسل خلاف ورزیوں کے پیش نظر اب بلا تفریق کارروائی کی جا رہی ہے۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے اور گرانفروشی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ قیمتوں میں بے ضابطگی کی صورت میں فوراً شکایات درج کروائیں تاکہ فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اس کارروائی کے ذریعے حکام کا مقصد عوام کو ناجائز قیمتوں سے بچانا اور مارکیٹ میں استحکام لانا ہے۔