اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے گوادر میں جاری بجلی بحران اور طویل لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ایکسین کیسکو امیر علی بگٹی سے اہم ملاقات
گوادر (اسٹاف رپورٹر ) اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے گوادر میں جاری بجلی بحران اور طویل لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ایکسین کیسکو امیر علی بگٹی سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ایکسین کیسکو نے اسسٹنٹ کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت گوادر شہر، مضافاتی علاقے اور پورا مکران ڈویژن بجلی کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ہمسایہ ملک ایران سے کم میگاواٹ بجلی کی فراہمی ہے، جس کے باعث طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
ایکسین امیر علی بگٹی نے مزید بتایا کہ ایران سے بجلی کی ترسیل میں کمی کے باعث گوادر میں سپلائی متاثر ہوئی ہے، تاہم کیسکو کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ جیسے ہی ایران سے بجلی کی ترسیل میں بہتری آئے گی، گوادر میں بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری لائی جائے گی اور طویل لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوگی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میر جواد زہری نے بجلی بحران کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات پر زور دیا تاکہ گوادر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔