ورلڈ اسپیس ویک 2024 کے مناسبت گْوادر گرائمر اسکول کے زیر اہتمام گْوادر میرین ڈرائیو پر اسپیس واک کا انعقاد کیا گیا.
گوادر ( اسٹاف رپورٹر )ورلڈ اسپیس ویک 2024 کے مناسبت گْوادر گرائمر اسکول کے زیر اہتمام گْوادر میرین ڈرائیو پر اسپیس واک کا انعقاد۔ واک میں ایم پی اے گْوادر مولانا ھدایت الرحمن، وائس چئیرمین بلدیہ گْوادر ماجد جوھر، سابق چئیرمین بلدیہ گْوادر عابد سہرابی، محترم خدابخش ہاشم، اے ڈی ای اوگْوادر محمد حسن، سمیت کونسلران بھی شریک ہوئے۔ اسکول کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی واک میں حصہ کیا۔ طلبا اسپیس کے حوالے سے مختلف کاسٹیوم پہنے ہوئے تھے ۔ بہت سے طالب علم پوسٹرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ واک کا آغاز آر سی ڈی کونسل گْوادر سے ہوا اور میرین ڈرائیو پر اختتام کو پہنچا۔ واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے گوادر مولانا ھدایت الرحمن نے اسپیس ویک کی سرگرمیوں کے انعقاد پر گْوادر گرائمر اسکول کی تعریف کی اور کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک اہم مسئلہ ہے جو ہمیں بھی متاثر کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا اور اس آگاہی کو اسکول و کالج و یونیورسٹی سمیت مسجد و مدرسہ اور محلوں تک لے جانا ہوگا۔بلدیہ گْوادر کے وائس چئیرمین ماجد جوہر نے گوادر شہر میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات اور مختلف علاقوں میں گراونڈ واٹر کی سطح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ قدرتی ماحول کا تحفظ ہر شہری اور ہر ادارے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے گْوادر شہر میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انجنئیر داداللہ نے کہا کہ ہمارے بچوں کی اسپیس سائنس اور ٹیکنالوجی سے آگاہی اور اس میں دلچسپی خوش آئند ہے۔
ان کا یہ تجربہ مستقبل میں انکے لیے نئی راہیں کھولے گا۔ اسکول پرنسپل ناصر رحیم سہرابی نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسکول سطح پر مختلف نوعیت کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے ادراک کے ساتھ ساتھ علم و ہنر کے نئے میدانوں سے آشنائی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ اسپیس ویک عالمی طور پر ہر ملک میں منایا جاتا ہے۔ پاکستان میں سپارکو اس کااہتمام کرتا ہے۔ اس موقع پر اسکول کے طلبا سمیع اللہ اور عروج فاطمہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔نظامت کے فرائض چندن ساچ نے سرانجام دیے جبکہ حسن گلاب نے تلاوت قرآن کی سعادت حاصل کی۔