اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری کا گورنمنٹ ہائی اسکول کوہ سر کا دورہ
جیونی(اسٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے ایس ڈی او بی اینڈ آر ، چیئرمین میونسپل کمیٹی جیونی ، تحصیلدار جیونی اور کونسلرز کے ہمراہ گورنمنٹ ہائی اسکول کوہ سر کا دورہ کیا، جہاں زیر تعمیر ترقیاتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کو عوامی شکایات موصول ہوئیں تھیں کہ منصوبے کی تعمیر میں غیر معیاری مٹیریل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر مٹیریل، کام کے معیار اور نوعیت کا جائزہ متعلقہ انجینئر کے ہمراہ بھرپور طریقے سے لیا۔ معائنہ کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ٹھیکہ دار سمندری ریت جیسے غیر معیاری مواد کا استعمال کر رہا ہے، جو کہ تعمیراتی منصوبوں کے لیے ناقابل قبول ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ٹھیکہ دار اور انجینئر کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر معیاری ریت اور دیگر مٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ بروقت اور معیاری انداز میں مکمل ہو۔مزید برآں، انہوں نے تنبیہ کی کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور منصوبے کی ہر سطح پر کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ عوامی وسائل کا درست اور شفاف استعمال ممکن بنایا جا سکے