جیونی میں فوڈ سیفٹی کے تحت کریک ڈاؤن: غیر معیاری اور ایکسپائر شدہ اشیاء ضبط، جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری
جیونی( اسٹاف رپورٹر ) اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری کی قیادت میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے جیونی شہر میں اہم معائنہ کیا، جس کا مقصد فوڈ سیفٹی، حفظان صحت، خوراک کے معیار، بی ایف اے کے ایس او پیز اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔ اس معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے گران فروشی اور دیگر مسائل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر بی ایف اے ممتاز احمد کاشانی، چیئرمین میونسپل کمیٹی اکرم بلوچ، تحصیلدار جیونی اعظم خان گچکی سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔
معائنے کے دوران 27 یونٹس کی جانچ کی گئی، جن میں سے 5 یونٹس کو غیر معیاری اور ایکسپائر شدہ اشیاء فروخت کرنے پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ 7 یونٹس کو مختلف خلاف ورزیوں پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ ضبط شدہ اشیاء میں بڑی تعداد میں ایکسپائر شدہ ایرانی کیلے، چاکلیٹ ملک، جوس، ڈبہ بند چنے، زیتون کے اچار، بسکٹ، کیک اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔
بعد ازاں، اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے ٹیم کے ہمراہ ضبط شدہ غیر معیاری اور ایکسپائر شدہ اشیاء کو تلف کیا، اور دکانداروں کو بی ایف اے کے قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو معیاری اور صحت مند خوراک فراہم کی جا سکے۔یہ معائنہ فوڈ سیفٹی اور عوامی صحت کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد بازاروں میں شفافیت اور معیار کو فروغ دینا ہے