گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہر میں شجرکاری مہم تیزی سے جاری
گوادر (اسٹاف رپورٹر)گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہر میں شجرکاری مہم تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر سینکڑوں درخت اور پودے لگائے جا رہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا ہے۔
منگل کے روز، جی ڈی اے کے چیف انجینئر حاجی سید محمد، ڈائریکٹر ماحولیات فضل شہسوار سپرٹینڈنٹ انجنئیر روڑ نادر بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر میونسپل رسول بخش، ڈپٹی ڈائریکٹر باغبانی عبدالرحیم بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر باغبانی حمل دشتی اور دیگر افسران کے ہمراہ کمرشل ایسٹ روڈ پر شجرکاری کے نئے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے درختوں کی اہمیت اور ان کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے صاف اور سر سبز ماحول فراہم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف جی ڈی اے کی نہیں، بلکہ شہر کے ہر شہری کی زمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے علاقوں میں درخت لگانے کے ساتھ ساتھ لگائے گئے درختوں کی تحفظ کیلئے بھی کوشش کریں کیوں کہ مہم کی کامیابی کے لیے ہر شہری کی شمولیت ضروری ہے