تحصیلدار گوادر چنگیز بلوچ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سربندن کا دورہ.
گوادر (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر تحصیلدار گوادر چنگیز بلوچ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سربندن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیر تعمیر ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور اسکول میں تدریسی ماحول اور اساتذہ کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران تحصیلدار نے ہیڈ مسٹریس، اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے تعلیمی مسائل سنے۔ اساتذہ کی کارکردگی اور تدریسی معیار کو تسلی بخش قرار دیا گیا، جبکہ طلبہ بھرپور دلچسپی کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے دکھائی دیے۔ تحصیلدار چنگیز بلوچ نے اساتذہ کی محنت اور درس و تدریس کے حوالے سے ان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے تعلیمی سفر میں مزید کامیابیاں سمیٹنے کی دعا کی۔
تحصیلدار نے اسکول کے تدریسی نظام کو مزید بہتر اور فعال بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں اور اسکول کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ہیڈ مسٹریس، اساتذہ اور طلبہ نے ڈپٹی کمشنر اور تحصیلدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسکول کے مسائل پر آگاہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی اسکولوں کے دورے کرکے تعلیمی مسائل کے حل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔