گوادر( گوادر سٹی نیوز) شیعہ زائرین کی بس کھائی میں جا گری، 8 افراد جاں بحق 13 زخمی
مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے مقام پر شیعہ زائرین کی بس کھائی میں جا گری، 8 افراد جاں بحق 13 زخمی، زخمیوں کی حالت تشویشناک، تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے مقام پر شیعہ زائرین کی بس کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 8 زائرین جاں بحق ہوئے جبکہ 13 زائرین شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد کوسٹل ہائی وے پولیس، ریسکیو اور پاک آرمی کے جوانوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو کا عمل شروع کر دیا جبکہ تمام زخمیوں اور نعشوں کو بذریعہ ایمبولینس ڈی ایچ کیو اوتھل منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کا شکار بس میں ٹوٹل 65 زائرین چہلم امام حسین کے لیئے کربلا جا رہے تھے۔ خیال رہے کہ لاکھوں شیعہ زائرین ہر برس اربعین کے سالانہ جلوس میں شرکت کے لیے عراق کا رخ کرتے ہیں، اربعین شیعہ مسلمانوں کے لیے ایک اہم دن ہے۔